• 05:16 PM - 23 Dec 2024
Breaking News

برطانیہ میں پاکستان سے بیاہ کر لائی گئی عنبرین فاطمہ سے نامناسب سلوک کرنے والے خاندان کے افراد کو قید کی سزا سنائی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، لیڈز کراؤن کورٹ نے بیوی کو زہریلا مواد پلانے والے شوہر اصغر شیخ کو ان کے والد خالد شیخ اور والدہ شبنم شیخ کے ساتھ 7 سال 9 ماہ کیلئے جیل بھیج دیا۔ تینوں افراد کو گزشتہ برس عنبرین فاطمہ شیخ نامی لڑکی کو جسمانی نقصان پہنچانے کا قصور وار قرار دیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ عنبرین کو زبردستی یا دھوکے سے ایسا مواد پلایا گیا جس سے اس کا دماغ متاثر ہوا۔ رپورٹس کے مطابق متاثرہ لڑکی عنبرین فاطمہ کو 2014 میں پاکستان سے شادی کرکے برطانیہ لایا گیا تھا، خاندان کے کسی بھی فرد نے عدالت میں گواہی نہیں دی۔ جج نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا اندازہ لگانا مشکل ہے کہ عنبرین کے ساتھ گھر میں زیادتی کا سلسلہ کب شروع ہوا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ عنبرین کو اب ٹیوب سے کھانا دیا جاتا ہے، اور اس کی حالت میں بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اصغر کے بھائی ثقلین شیخ اور بہن شگفتہ کو بھی انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے پر سزائیں سنائی گئی ہیں۔