: *بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور عمر ایوب مانسہرہ پہنچ گئے، پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری کے لیے اٹک پل دوبارہ بند* *آج بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کی مشترکہ پریس کانفرنس متوقع ہے، پنجاب پولیس کے مطابق 800 کے قریب افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے* اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس کے آپریشن کے بعد جب احتجاج ختم کیا گیا تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان مانسہرہ پہنچے۔ یہ تینوں رہنما صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی رہائش پر موجود ہیں، اور آج علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی ایک پریس کانفرنس منعقد کریں گے۔ دوسری طرف، پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے لیے خیبر پختونخوا اور پنجاب کو جوڑنے والے اٹک پل کو دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔ اٹک خورد کے علاقے میں سڑک کو بلاک کرنے کے لیے کنٹینرز دوبارہ رکھے گئے ہیں اور پولیس کی بڑی نفری اٹک پل پر تعینات کر دی گئی ہے۔ پہلے اٹک پل کو بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا تھا۔