• 04:32 PM - 23 Dec 2024
Breaking News

خیبر پختونخوا کے وزیرِ ہائیر ایجوکیشن مینا خان نے بتایا ہے کہ کرغزستان سے آئے ہوئے دیگر صوبوں کے طلبہ کو وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا ہے۔

پشاور میں 'جیو نیوز' سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر ہائیر ایجوکیشن مینا خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور بشکیک میں پھنسے طلبہ کے معاملے کو پہلے دن سے سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی یہ واقعہ پیش آیا، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے فوراً فارن آفس کو خط لکھا اور طلبہ کی واپسی کے لیے دو جہازوں کا انتظام کیا۔ خیبر پختونخوا کے وزیر ہائیر ایجوکیشن مینا خان نے کہا کہ دونوں جہاز جلد آ جاتے، مگر بشکیک میں کلیئرنس اور وفاقی حکومت کے کچھ مسائل تھے۔ وزیر اعلیٰ نے آدھی سے زیادہ کابینہ کو ایئر پورٹ بھیجا۔ مینا خان نے بتایا کہ بشکیک میں لوگوں کی تعداد زیادہ ہے، اس لیے ہم نے پورٹل کھولا ہے جس پر رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔ ایک جہاز آج پہنچ گیا ہے اور دوسرا کل صبح پہنچ جائے گا۔ خیبر پختونخوا حکومت بلا امتیاز تمام طلبہ کی واپسی کا انتظام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشکیک سے آنے والے طلبہ کے لیے رہائش اور خوراک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ طلبہ کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں تک پہنچایا جائے گا اور ان کے سفری اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔