وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے یا پھر روزانہ کی بنیاد پر دھرنوں اور احتجاج کا سامنا کریں گے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس اور رینجرز نے مل کر حالیہ حملے کا مقابلہ کیا، اور سپہ سالار نے فسادیوں سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا۔ حکومت کو انٹیلی جینس اداروں کی معاونت بھی حاصل رہی تاکہ فسادیوں کو قابو کیا جا سکے۔ شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ ملک میں ہونے والے احتجاج کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں جس کے نتیجے میں اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا اور اسٹاک مارکیٹ میں ہزاروں پوائنٹس کی کمی آئی۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ تحریکِ انصاف کے احتجاج کے باعث معیشت کو روزانہ 190 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔